76

بھنگالی شریف میں عرس تقریبات کا آغاز 5 جولائی کو ہوگا

تحریر:اعجاز خان چوہان(گوجر خان)
تحصیل گوجرخان میں مندرہ چکوال روڈ پر واقع دربار حسینی فیض رساں بھنگالی شریف خطہ پوٹھوہار کا ایک معروف روحانی و علمی مرکز ہے۔ دربار بھنگالی شریف کی بنیاد امام الہدی حضرت پیر سید امام علی شاہ نے رکھی ۔ آپ کا شجرہ نسب امیر کبیر سید علی ولی ہمدانی(مزار مبارک تاجکستان)سے ہوتا ہوا مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے جا ملتا ہے۔اسی نسبت سے آپکو ہمدانی سادات بھی کہتے ہیں

۔حضرت پیر سید امام علی شاہ پاکستان آرمی میں امامت و خطابت کے فرائض سر انجام دیتے رہے اور آپ کے دست حق پرست پر لاتعداد افراد نے بیعت کی، حضرت پیر سید امام علی شاہ ہمدانی نے اپنے صاحبزادے پیر سید محمد عبد اللہ شاہ ہمدانی کو اپنا جانشین اور وارث مقرر فرمایا۔

غوث زماں پیر سید عبد اللہ شاہ ہمدانی نے اس سلسلہ کو پوری دنیا میں روشناس کروایا ۔ آپ کی پاکیزہ حیات مبارکہ سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطابق گذری۔آپ کی زندگی میں کبھی تہجد کی نماز بھی قضا نہیں ہوئی ۔ 1988 میں جب آپ کا وصال ہوا تو آپ کے جنازہ پر ابابیلوں نے سایہ کیا ہوا تھا۔

یہ اس خطہ پوٹھوہار کا مشہور واقعہ اور آپ کی واضح کرامت ہے جو زبان زد عام ہے۔ آپ کے دست حق پرست پر 26 لاکھ افراد نے بیعت کی ۔ پیر سید عبد اللہ شاہ ہمدانی کے وصال کے آپکے برادر اکبر پیر سید محبت حسین شاہ ہمدانی اور آپکے بھتیجے پیر سید ضیاء محمد شاہ ہمدانی کی زیر سرپرستی آپ کے دونوں صاحبزادگان صاحبزادہ پیر سید مخدوم عباس محمد شاہ ہمدانی اور سجادہ نشین پیر سید محمد جابر علی شاہ ہمدانی نے آپکے فیضان کو انتہائی احسن طریقے سے جاری رکھا ۔

پیر سید محبت حسین شاہ ہمدانی اور پیر سید ضیاء محمد شاہ ہمدانی کے وصال کے بعدچیئرمین تحریک فکر اسلام پاکستان پیر سید مخدوم عباس محمد شاہ ہمدانی دربار حسینی فیض رساں بھنگالی شریف کے سرپرست اعلیٰ کی حیثیت سے دربار کے انتظامی و دیگر امور کی دیکھ بھال کرتے ہیں جبکہ سجادہ نشین پیر سید محمد جابر علی شاہ ہمدانی مریدین و عقیدت مندوں کی رہنمائی کیساتھ ساتھ سلسلہ بیعت کو بھی جاری رکھے ہوئے ہیں،

دربار حسینی فیض رساں بھنگالی شریف سے نہ صرف روحانی فیض ملتا ہے بلکہ مستحق افراد کی ہر ممکن مدد بھی کی جاتی ہے جو اولیا کرام کا طریق ہے ۔ امیر کبیر سید علی ولی ہمدانی کی یاد میں دربار حسینی فیض رساں بھنگالی شریف میں 129واں تین روزہ سالانہ عرس مبارک5جولائی 2024 بروز جمعہ المبارک کو شرو ع ہوگا،اس موقع پر اندرون و بیرون ملک سے ہزاروں مریدین عرس کی تین روزہ تقریبات میں شرکت کرینگے ،عرس کے پہلے روز محافل ذکر ونعت اور دور ونزدیک سے ڈالیوں کی آمدہوگی

،دوسرے روز دن کی تقریب کے علاوہ بعد نماز عشاء دربار سے ملحق جامعہ مسجد مخدوم عباس محمد شاہ میں خصوصی محفل کا انعقاد ہوگا جس میںخصوصی خطاب پیر سید ریاض حسین شاہ راولپنڈی کا ہوگا اور ملک بھر سے علماء کرام اور نعت خوان حضرات شرکت کرینگے ،7جولائی بروز اتوار دن گیارہ بجے پیر سید مخدوم عباس محمد شاہ ہمدانی اختتامی دعا کرائیں گے ۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں