راولپنڈی (پنڈی پوسٹ نیوز) تھانہ چونترہ کی حدود میں اغواء کار گروہ متحرک، آج دوپہر تقریباً 12 بجے رائیکا میرا گاؤں میں اغواء کی واردات کی کوشش کی گئی۔ سفید رنگ کی آلٹو VXR گاڑی میں سوار دو مرد اور تین خواتین نے مبینہ طور پر ایک پانچ سالہ بچے کو گلی سے اغواء کرنے کی کوشش کی، تاہم محلے کی ایک خاتون نے بروقت مزاحمت کرتے ہوئے بچے کو بچا لیا۔ مزاحمت کے باعث اغواء کار موقع سے فرار ہوگئے۔
اہلیانِ علاقہ نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور مشکوک افراد بالخصوص مرد و خواتین اور پھیری والوں پر نظر رکھنے کی اپیل کی ہے۔ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ کسی مشکوک فرد کو دیکھیں تو ان سے شناختی کارڈ چیک کریں اور فوری طور پر پولیس چوکی چک بیلی خان کو اطلاع دیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور بچوں کی حفاظت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتے ہوئے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔