ٹیکسلا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت بنو قابل پروگرام کے حوالے سے کور کمیٹی کا اجلاس امیر جماعت اسلامی تحصیل ٹیکسلا عتیق کاشمیری کی صدارت میں منعقد ہوا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بڑے پیمانے پر رجسٹریشن کو مؤثر اور منظم بنانے کے لیے کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔
اس حوالے سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کرنے کے لیے رابطہ مہم اور رجسٹریشن کیمپس لگائے جائیں گے،اس سلسلے میں ایک ایڈوائزری بورڈ بھی تشکیل دیا جائے گا۔
ستمبر میں ٹیکسلا شہر میں بنو قابل پروگرام کی گرینڈ لانچنگ تقریب ہوگی،جو مقامی تاریخ کا اہم سنگ میل ہوگی۔ اس پروگرام کے تحت پہلی بار ہزاروں لڑکے اور لڑکیوں کو مفت آئی ٹی کورسز فراہم کیے جائیں گے اور انہیں روزگار و کاروبار کے مواقع حاصل کرنے میں معاونت دی جائے گی۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی تحصیل ٹیکسلا عتیق کاشمیری نے کہا کہ بنو قابل پروگرام نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ہنر سے آراستہ کرنے کا انقلابی منصوبہ ہے جو نہ صرف ٹیکسلا بلکہ پورے ملک کے لیے ایک نمونہ ثابت ہوگا۔