اسلام آباد (پنڈی پوسٹ نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف فوری گرفتاری اور گاڑیاں ضبط کرنے کے اقدام پر اہم فیصلہ سنا دیا ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار محمد سرفراز ڈوگر نے شہری کی دائر کردہ درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ:
کسی بھی شہری کے خلاف صرف لائسنس نہ ہونے پر فوری طور پر مقدمہ درج نہ کیا جائے۔
عدالت نے قرار دیا کہ اگر کوئی شہری اپنا ڈرائیونگ لائسنس پیش نہ کر سکے تو سب سے پہلے اسے جرمانہ کیا جائے، نہ کہ گرفتار یا اس کی گاڑی ضبط کی جائے۔
یہ فیصلہ ایک شہری کی جانب سے دائر اس درخواست پر سامنے آیا جس میں بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات (گرفتاری اور ضبطگی) کی ڈیڈ لائن کو چیلنج کیا گیا تھا۔
چیف جسٹس نے شہری کی درخواست نمٹاتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہریوں کے ساتھ برابری اور قانون کے دائرے میں رہ کر پیش آئیں اور بلاوجہ سخت کارروائی سے گریز کریں۔
