بسنت کے دنوں میں پنجاب کی تمام عدالتیں کھلی رکھنے کا اعلان

لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے بسنت کے موقع پر ایک اہم انتظامی فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ سمیت پنجاب بھر کی تمام عدالتیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔

فیصلے کے مطابق بسنت کے دنوں میں نہ صرف لاہور ہائیکورٹ بلکہ صوبے کی تمام ضلعی اور سیشن عدالتوں میں بھی کیسز کی سماعت روزمرہ کے معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ عدالتی امور میں کسی قسم کی تعطیل یا رکاوٹ نہیں ہوگی۔

چیف جسٹس کے اس فیصلے کا مقصد سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا اور عدالتی نظام کو بلا تعطل فعال رکھنا ہے۔ وکلا، عدالتی عملے اور سائلین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معمول کے مطابق عدالتوں میں پیش ہوں۔