ایبٹ آباد (حسین معاویہ)بزمِ اطفال ایبٹ آباد کے زیر اہتمام مدرسہ عثمان بن عفان نڑیاں میں پہلا سالانہ عظیم الشان تقریری مقابلہ منعقد ہوا، جس کا موضوع “معلمِ اعظم” مقرر کیا گیا تھا۔ اس مقابلے میں مختلف مدارس اور اسکولوں کے طلباء نے بھرپور حصہ لیا۔
مقابلے میں پہلی پوزیشن جامعہ امام ابو حنیفہ حویلیاں کے طالب علم راجہ مدثر نے حاصل کی، دوسری پوزیشن جرار معاویہ اور تیسری پوزیشن ابوذر کے حصے میں آئی۔
تقریب میں استاذ العلماء، ترجمان اہل سنت مولانا حسین معاویہ بالاکوٹی اور مولانا غلام مرتضیٰ جدون نے جج کے فرائض انجام دیے۔ پرنسپل الندوہ ایجوکیشن سکول سسٹم مولانا فیضان خان جدون نے خطاب کرتے ہوئے بزمِ اطفال کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ:”بزمِ اطفال کی یہ جدوجہد یقیناً ایک روشن مستقبل کی نوید ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نونہالانِ قوم کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ تقریر اور اظہارِ خیال کی صلاحیتوں میں نکھار ملے گا، جو آنے والے وقت میں ملک و ملت کے لیے نیک ثمرات کا باعث بنے گا۔”
تقریب میں اہلسنت والجماعت ایبٹ آباد کے صدر راجہ راشد فاروقی، قاری عمان معاویہ، مفتی ندیم اختر، مولانا قاری راشد، این ایس او کے رہنما شہزاد خان سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
