برطانیہ میں افسوسناک واقعہ: تین سالہ بچہ معمولی طبی عمل کے دوران جاں بحق

برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں تین سالہ بچہ طبی عمل کے دوران جان کی بازی ہار گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، وولورہیمپٹن سے تعلق رکھنے والا تین سالہ بچہ آراو چوپڑا برمنگھم چلڈرن ہسپتال میں جگر کے ٹیسٹ (بایوپسی) کے دوران پیچیدگی کا شکار ہو گیا۔ عدالتی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ بایوپسی کے دوران ایک تربیتی ڈاکٹر سے غلطی ہوئی جس کے نتیجے میں بچے کی شریان متاثر ہوئی اور سینے میں خون جمع ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس سنگین مسئلے کو بروقت تشخیص نہ کیا جا سکا، جس کے باعث علاج میں تاخیر ہوئی۔ ڈاکٹروں نے تقریباً 30 منٹ تک بچے کو بچانے کی کوشش کی مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ عدالت نے اس واقعے میں غفلت کے عنصر کی نشاندہی کی۔
بچے کے والدین، کشور چوپڑا اور امریتا چوپڑا نے انصاف کے لیے قانونی کارروائی شروع کی، جس کے بعد ہسپتال کی انتظامیہ نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت کی اور ہرجانے کی ادائیگی پر رضامندی ظاہر کی۔
ہسپتال حکام کے مطابق اگر بروقت اور مناسب علاج فراہم کیا جاتا تو بچے کی جان بچنے کے امکانات موجود تھے۔ آراو کے والدین نے اپنے بیٹے کو خوش مزاج اور محبت کرنے والا بچہ قرار دیا، جو ایک معمولی ٹیسٹ کے لیے ہسپتال گیا مگر واپس گھر نہ آ سکا۔
ہسپتال انتظامیہ نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے علاج کے نظام میں بہتری لائی گئی ہے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.