بحریہ ٹاؤن میں گردے فروشی کا نیٹ ورک بے نقاب، پولیس کا چھاپہ – ایک گرفتار، چھ ملزمان فرار

راولپنڈی (حماد چوہدری)تھانہ روات پولیس نے بحریہ ٹاؤن فیز 8 کے ابوبکر بلاک میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے گردہ نکالنے کی تیاری کے دوران ایک نوجوان کو بازیاب کروا لیا، جبکہ ایک ملزم گرفتار اور چھ موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق کارروائی ایک خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس میں بتایا گیا تھا کہ ایک گھر سے انسانی چیخ و پکار کی آوازیں آ رہی ہیں۔ فوری ردعمل کے تحت پولیس ٹیم نے موقع پر چھاپہ مارا اور نوجوان حنان زاہد کو اسٹریچر پر بندھے ہوئے بے ہوشی کی حالت میں بازیاب کروایا۔تحقیقات سے معلوم ہوا کہ متاثرہ نوجوان کو نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا گیا، پھر نشہ آور مشروب پلایا گیا اور بے ہوشی کی حالت میں اس کے ٹیسٹ، کراس میچ اور دیگر طبی معائنے کیے گئے تاکہ گردہ نکال کر فروخت کیا جا سکے۔پولیس نے کارروائی کے دوران گردے نکالنے میں استعمال ہونے والے خطرناک طبی آلات بھی قبضے میں لے لیے ہیں۔ گرفتار ملزم ظفر اللہ خان نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ گروہ اندرون و بیرون ملک افراد کو گردے فروخت کرتا رہا ہے۔فرار ہونے والے ملزمان میں معروف سرجن ڈاکٹر منظور، عمران، گل نواز، زیب، اور رفیق عرف فیکا شامل ہیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ روات میں درج کر لیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق، انسانی اعضاء کی غیر قانونی تجارت میں ملوث کسی بھی شخص کو قانون کی گرفت سے نہیں بچنے دیا جائے گا۔