بالاکوٹ میں پولیس فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، اہلکار گرفتار

بالاکوٹ کے نواحی علاقے بولی حسہ میں افطار پارٹی کے دوران فائرنگ کے واقعے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے کی شناخت جاوید المعروف مہانڈری کے نام سے ہوئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق تقریب کے دوران موجود پولیس اہلکار شاہد نامی شخص کے ہاتھوں اچانک گولی چل گئی جو جاوید کو لگی۔ بعض حلقوں کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ گولی ہنسی مذاق کے دوران حادثاتی طور پر چل گئی، تاہم مقامی افراد اس وضاحت کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں اور واقعے کو سنگین غفلت بلکہ قتل قرار دے رہے ہیں۔
شہر میں اس افسوسناک واقعے پر شدید رنج و غم کی فضا پائی جاتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس جیسے ذمہ دار ادارے میں اس نوعیت کی لاپرواہی ناقابل قبول ہے اور ذمہ دار اہلکار کو سخت سزا دی جانی چاہیے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
ایس ایچ او بالاکوٹ کے مطابق ملوث پولیس اہلکار کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.