ٹیکسلا۔ امام حسین علیہ السلام نے حق کی خاطر سر کٹا دیا لیکن باطل کے سامنے سر کو جھکانے سے انکار کردیا،باطل کے سامنے حق کی خاطر ڈٹ جانا ہی اسوہ شبیری ہے امام حسین نے اسلام کی سربلندی کے لیے اپنا خاندان قربان کر دیا اور اپنے لہو سے اسلام کی آبیاری کی ہم اسوہ شبیری پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار سیاسی و سماجی شخصیت سابق کونسلر سید مہتاب حسین شاہ نے گیارہ محرم الحرام مومنین و عزاداروں کے لئے حسینی لنگر تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسین نے اپنے طرز عمل سے ثابت کر دیا کہ باطل طرز حکمرانی کسی صورت بھی قابل قبول نہیں، حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے ہمیں اسلام کی سر بلندی کیلئے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامتے ہوئے تفرقہ بازی کا خاتمہ کرنا اور اتحاد و یکجہتی کو اپنانا ہوگا تاکہ معاشرے کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے، آج ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد ویگانگت قائم کرنے کی ضرورت ہے ہمارا دشمن ہمیں آپس میں لڑانا چاہتا ہے ہمیں اس ماہ مقدس میں اپنے بیرونی اور اندرونی دشمنوں پر نگاہ رکھنی ہوگی اور اخوت و رواداری کا مظاہرہ کرنا ہو گا
