بار ایسوسی ایشن کلر سیداں کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے آج مکمل ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ ہڑتال کچہری چوک راولپنڈی میں جاری پراجیکٹ اور اس کی ری ماڈلنگ کے دوران وکلا اور عدالتوں کے راستے بند ہونے اور پارکنگ کے ناقص انتظامات کے خلاف کی گئی ہے۔ وکلا برادری کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کی وجہ سے عدالتوں کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، مقدمات کی سماعتیں متاثر ہو رہی ہیں اور وکلا و سائلین دونوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سیکرٹری بار ایسوسی ایشن کلر سیداں راجہ سمیر حسن ایڈووکیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ جب تک ضلع انتظامیہ اور متعلقہ ادارے وکلا کے لیے متبادل راستوں اور پارکنگ کا مناسب بندوبست نہیں کرتے، احتجاج جاری رہے گا۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو وکلا برادری سڑکوں پر آکر بھرپور احتجاج کرے گی۔
بار ایسوسی ایشن کلر سیداں کے وکلا نے آج عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے اپنے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وعدوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے تاکہ عدالتی نظام بحال ہو سکے۔