راولپنڈی (نامہ نگار سید قاسم)ایرانی صدر مسعود پزشکیان اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر لاہور پہنچے جہاں صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کیا پرتپاک استقبال کیا۔
ایرانی صدر کے استقبال کے لیے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بھرپور تیاری کی گئی تھی، ائیر پورٹ کو پاکستان اور ایران کے پرچموں سے سجایا گیا تھا اور ایرانی صدر کے استقبال کے لیے ریڈ کارپٹ بھی بچھایا گیا تھا۔
ایرانی صدر مزار اقبال پر حاضری کے بعد آج شام ہی اسلام آباد کے لیے روانہ ہو جائیں گے، ایران کے صدر پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، ایرانی صدر کی آج شام ہی صدر آصف علی زرداری اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
پاکستان کے دورے پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا دورے کا مقصد تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا پاکستان کے دورے کے دوران سرحدی سلامتی اور علاقائی امن کے امور زیر بحث آئیں گے، سرحدی منڈیاں اور رابطے باہمی تعاون کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں، کوشش ہے کہ دو طرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچے۔
صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا پاکستان اور چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں فعال شرکت کے خواہاں ہیں، ون بیلٹ ون روڈ منصوبے سے ایران کو یورپ سے جوڑنے کا موقع مل سکتا ہے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا پاک ایران اسلامی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔