راولپنڈی(نامہ نگار سید قاسم) ایران کے صدر مسعود پزشکیان گزشتہ روز دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے، صدر مسعود پزشکیان نے مزار اقبال پر حاضری دی تھی اور صدر مسلم لیگ نواز شریف سے ملاقات بھی کی تھی۔
آج ایران کے صدر پاکستان میں مصروف ترین دن گزاریں گے، ایرانی صدر کی وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقاتیں طے ہیں۔
اس سلسلے میں صدر مسعود پزشکیان سب سے پہلے وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھر برادر اسلامی ملک کے صدر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں، چاک و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی جبکہ ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات میں باہمی تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، بعد ازاں معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
ایرانی صدر کی آج شام صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات شیڈول ہے۔ صدر مملکت کی جانب سے ایرانی صدرکےاعزاز میں عشائیہ بھی متوقع ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ باہمی ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کے مزید فروغ، توانائی و تجارت میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔