ایبٹ آباد ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی ایم آر آئی مشین دوبارہ خراب، مریض شدید مشکلات کا شکار

ایبٹ آباد (حسین معاویہ) چند ماہ قبل ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی ایم آر آئی مشین کی مرمت کے دعوے کیے گئے تھے، لیکن ذرائع کے مطابق یہ مشین ایک بار پھر کئی دنوں سے خراب پڑی ہے جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مریضوں اور شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ہسپتال میں چیک اینڈ بیلنس کا فقدان ہے جبکہ بعض ڈاکٹرز جن کی اپنی نجی ایم آر آئی مشینیں موجود ہیں، مبینہ طور پر اس صورتحال سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
مزید برآں، ہسپتال کے انتظامی امور پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایم او لیول کے بعض افراد کو ذاتی تعلقات کی بنیاد پر کلیدی عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے جن کی ترجیحات صرف بھاری تنخواہوں اور کمیشنز تک محدود ہیں، مریضوں کی سہولت کو کوئی اہمیت نہیں دی جا رہی۔
عوامی حلقوں نے صوبائی حکومت اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے پورے بورڈ آف گورنرز کو تبدیل کیا جائے۔ اور ہسپتال کی خراب ایم آر آئی مشین کو فوری طور پر فعال بنایا جائے اور انتظامی بے ضابطگیوں کا نوٹس لیا جائے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.