تھانہ صدر بیرونی کی حدود میں واردات،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
راولپنڈی
اڈیالہ روڈ پر واقع جراہی کے قریب دن دہاڑے ڈکیتی کی سنگین واردات میں مسلح ملزمان نے 25 لاکھ روپے لوٹ لئے۔ واقعہ تھانہ صدر بیرونی کی حدود میں پیش آیا، جہاں اٹک پمپ کے دو ملازمین کیش رقم حبیب بینک گلشن آباد میں جمع کروانے جا رہے تھے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین مسلح ڈاکوؤں نے ان پر حملہ کیا اور رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق واردات انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کی گئی اور ملزمان چند لمحوں میں موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ متاثرہ ملازمین نے تھانہ صدر بیرونی میں واقعہ کی رپورٹ درج کروا دی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مصروف ترین سڑک پر دن دہاڑے اتنی بڑی ڈکیتی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ علاقہ مکینوں اور تاجروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کر کے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔