اوورسیز پاکستانی کی دہائی: سابقہ اہلیہ کی وفات کے بعد جائیداد پر قبضہ، جان سے مارنے کی دھمکیاں

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)کیانی روڈ راولپنڈی کے رہائشی افتخار احمد ولد محمد خالق نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی سے فوری انصاف کی اپیل کی ہے۔افتخار احمد کا کہنا ہے کہ ان کی شادی نسرین اختر سے ہوئی تھی، جو 2006 میں طلاق پر منتج ہوئی۔ طلاق کے بعد وہ اپنے دونوں بچوں، عبداللہ اور عائشہ، کی پرورش کرتے رہے۔ وہ طویل عرصہ سعودی عرب مقیم رہے اور 2024 میں علاج کی غرض سے وطن واپس لوٹے، جہاں وہ معذوری کا شکار ہو گئے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ان کی سابقہ اہلیہ نسرین اختر کا انتقال ہو چکا ہے اور ان کے علاج معالجے کے تمام اخراجات بھی انہوں نے خود برداشت کیے۔ تاہم، خاتون کی وفات کے بعد دونوں کی مشترکہ ملکیتی جائیداد پر گلنار بی بی نامی خاتون نے قبضہ کر لیا ہے، جس کا تعلق مبینہ طور پر راولپنڈی کے ایک معروف قبضہ گروپ سے ہے۔افتخار احمد کے مطابق، ان کے چار رہائشی مکانات پر زبردستی قبضہ کیا گیا ہے اور انہیں مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک محب وطن اوورسیز پاکستانی ہیں، مگر ملک واپس آ کر انہیں انصاف نہیں مل رہا۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور انہیں ان کا قانونی حق دلوایا جائے تاکہ وہ مزید ذہنی و جسمانی اذیت سے بچ سکیں۔