انجمن تاجران کہوٹہ کے وفد کی ڈی ایس پی کہوٹہ سے ملاقات، امن و امان پر تبادلہ خیال

انجمن تاجران کہوٹہ کے صدر، جنرل سیکرٹری سمیت تمام عہدیداران نے ڈی ایس پی کہوٹہ سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران حالیہ ڈکیتی کی واردات، جس میں تاجر ملک رضوان متاثر ہوئے، پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈی ایس پی کہوٹہ نے انجمن تاجران کو یقین دہانی کرائی کہ ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اس موقع پر شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں اور مجموعی امن و امان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
ڈی ایس پی کہوٹہ نے تاجروں کے تحفظ کو یقینی بنانے، گشت میں اضافہ کرنے اور مؤثر کارروائی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انجمن تاجران کے عہدیداران نے پولیس کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔