اسلام گڑھ میرپور میں شارٹ سرکٹ کے باعث وکی پیزا شاپ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ چند ہی منٹوں میں وکی پیزا شاپ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اسلام گڑھ کے کونسلرز سفیان راٹھوی، تنویر سردار اور صدر انجمن تاجران حاجی محمد یونس موقع پر پہنچ گئے۔ اسلام گڑھ پولیس کے جوان اے ایس آئی اسد محمود، محمد عرفان اور محمد صغیر نے علاقے کے نوجوانوں کے ساتھ مل کر بالٹیوں کے ذریعے پانی ڈال کر نیچے والی دکانوں کو جلنے سے بچایا اور آگ کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
فائر بریگیڈ میرپور سے پہنچ کر آگ پر مکمل قابو پانے میں کامیاب ہوا، تاہم اسلام گڑھ میں فائر بریگیڈ کی عدم موجودگی کے باعث وکی پیزا شاپ کو بچایا نہ جا سکا اور دکان مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
مالک وکی پیزا، حافظ محمد اقبال کے مطابق دکان میں رکھا سامان جلنے کے ساتھ ساتھ وہ 6 لاکھ روپے کی رقم بھی جل گئی جو انہوں نے ادائیگی کے لیے محفوظ کر رکھی تھی۔ مالک کو لاکھوں روپے کے بڑے مالی نقصان کا سامنا ہے۔
مقامی عوام نے اسلام گڑھ میں مستقل فائر بریگیڈ کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔