اسلام آبا د مارگلہ کی پہاڑیوں پر بارش کے باعث سیلابی صورتحال، نیو چٹھہ بختاور شدید متاثر

اسلام آباد (پنڈی پوسٹ نیوز) مارگلہ کی پہاڑیوں پر ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ کئی نشیبی علاقوں میں برساتی نالے اُبل پڑے اور پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔ نیو چٹھہ بختاور سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ قرار دیا جا رہا ہے۔

متعدد گھروں میں پانی داخل ہونے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو اور دیگر امدادی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سیلابی پانی میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اب تک درجنوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب، انتظامیہ نے راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث سپل ویز کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ حفاظتی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے تاکہ ڈیم میں پانی کی سطح کو قابو میں رکھا جا سکے۔ شہریوں کو راول ڈیم کے قریبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں