اسلام آباد کے علاقہ ہمک میں فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ) تھانہ ہمک کی حدود میں واقع انڈسٹریل ایریا کی ایک اے سی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، تاہم ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے فائیر بریگیڈ اور ہمک پولیس کی بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے نو (9) مختلف شیڈز کو لپیٹ میں لے لیا، تاہم ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑی تباہی سے بچا لیا۔ آگ بجھانے کے عمل میں فائیر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں اور 3 واٹر ٹینکرز استعمال کیے گئے جبکہ کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق واقعہ ہمک انڈسٹریل ایریا میں ایک اے سی تیار کرنے والی فیکٹری میں پیش آیا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ذمہ داران کا تعین کیا جا رہا ہے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

فیکٹری میں آگ لگنے کے اس واقعے نے صنعتی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں