وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس لائن کے اندر ایک انتہائی حیران کن اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک پولیس اہلکار ہی اپنے ساتھی اہلکار سے بائیک چھین کر فرار ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق مورخہ 27 جون 2025 بروز جمعہ، شام 6 بج کر 32 منٹ پر تھانہ شمس کالونی کی حدود میں پولیس کو ایک شکایت موصول ہوئی۔ شکایت کنندہ جلال، جو خود بھی پولیس ملازم ہیں، نے بتایا کہ ایک اور پولیس اہلکار نے دو نامعلوم ساتھیوں کی مدد سے ان سے زبردستی موٹرسائیکل چھین لی۔ یہ واقعہ پولیس لائن اسلام آباد میں پیش آیا، جو کہ شہر کا حساس اور سیکیورٹی کے لحاظ سے اہم مقام سمجھا جاتا ہے۔واقعے کی اطلاع پر ایف آر او عباس (ASI) فوری طور پر موقع پر پہنچے اور ابتدائی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ پولیس نے ملزم کی شناخت کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے اور ممکنہ طور پر سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔اس واقعے نے پولیس کے اندرونی نظام پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں، خاص طور پر اس وقت جب قانون نافذ کرنے والے اداروں سے شہریوں کو انصاف کی توقع ہوتی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ فورس کا وقار برقرار رکھا جا سکے۔
