اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ) وفاقی دارالحکومت میں چینی کی مقررہ قیمت سے زائد نرخوں پر فروخت کے خلاف ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مختلف مارکیٹوں میں چھاپے مار کر مہنگی چینی فروخت کرنے پر کئی دکانیں سیل کر دیں جبکہ متعدد دکانداروں کو حراست میں لے لیا گیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائیاں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر کی گئیں، جنہوں نے مختلف علاقوں کی مانیٹرنگ رپورٹ موصول ہونے کے بعد فوری ایکشن لینے کا حکم دیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ مقررہ نرخ سے تجاوز کرنے والے کسی بھی دکاندار سے نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ مہنگی چینی کی فروخت پر چشم پوشی برتنے والے متعلقہ افسر کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔