اسلام آباد: میٹرو اسٹیشن پر افسوسناک حادثہ، سیکیورٹی گارڈ جاں بحق

اسلام آباد (رپورٹ: حماد چوہدری) شہید ملت میٹرو اسٹیشن پر پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں میٹرو بس کی زد میں آ کر سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق، سیکیورٹی گارڈ معمول کے مطابق ڈیوٹی انجام دے رہا تھا کہ اسی دوران تیز رفتاری سے آنے والی میٹرو بس نے اسے کچل دیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ گارڈ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔شہری حلقوں کی جانب سے واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور میٹرو انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بس ڈرائیورز کی تربیت اور نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے