اسلام آباد میں ایک افسوسناک اور خوفناک واردات کے دوران معروف کاروباری شخصیت عامر اعوان جان کی بازی ہار گئے۔ واقعہ آرچرڈ اسکیم کے ایک فارم ہاؤس میں پیش آیا، جہاں ڈکیتی کی کوشش کے دوران مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد فارم ہاؤس میں داخل ہوئے اور مزاحمت پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں عامر اعوان شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں تشویشناک حالت کے باعث شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈاکٹرز نے عامر اعوان کی جان بچانے کے لیے بھرپور کوشش کی، تاہم وہ دورانِ آپریشن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران پیش آیا، تاہم مزید حقائق جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
کاروباری حلقوں اور مقامی افراد میں اس واقعہ پر شدید تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں سیکیورٹی مزید سخت کی جا رہی ہے اور اس واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.