راولپنڈی (نمائندہ پوسٹ) — مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاج کے باعث جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت مضافاتی علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروسز غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔ تاہم، پی ٹی سی ایل کی وائرڈ انٹرنیٹ سروسز بدستور جاری ہیں جس سے شہری کسی حد تک رابطے میں رہنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، حکومت نے امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اسلام آباد میں داخل ہونے والے متعدد راستے بند کر دیے ہیں۔ اس دوران جی ٹی روڈ، مری روڈ، فیض آباد اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، اہم شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ بعض مقامات پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب، شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر طلبہ، دفاتر جانے والے افراد اور آن لائن کاروبار سے وابستہ لوگوں کے لیے موبائل انٹرنیٹ کی بندش بڑی پریشانی کا باعث بن گئی ہے۔
عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ احتجاج کے دوران عوامی سہولیات کو متاثر نہ کیا جائے اور جلد از جلد انٹرنیٹ سروسز بحال کی جائیں تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی آسکے۔
ذرائع کے مطابق، حالات پر سیکیورٹی ادارے اور ضلعی انتظامیہ مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور حالات بہتر ہونے پر انٹرنیٹ سروسز بحال کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔