اسلام آباد (09 ستمبر2025) ٹی چوک یو ٹرن جی ٹی روڈ اسلام آباد کے قریب دو ٹرکوں میں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ فیصل ولد نامعلوم اور 44 سالہ جنید خان ولد محمد شاہد (سکنہ لاہور) شامل ہیں۔ زخمیوں میں 20 سالہ حسنین علی ولد محمد عباس (شیخوپورہ)، 25 سالہ علی حسن ولد شفقات علی (شیخوپورہ)، 18 سالہ محمد نسیم ولد سیف اللہ (وہاڑی)، 19 سالہ ذبیراحمد ولد محمد بھٹہ (شیخوپورہ)، 32 سالہ عبدالحفیظ ولد عبدالرشید (اڈیالہ روڈ، راولپنڈی) اور 27 سالہ دلاور علی ولد وارث علی (شیخوپورہ) شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کو ٹرک کے سامان کے نیچے سے نکال کر طبی امداد دی گئی اور بعد ازاں انہیں اور دونوں لاشوں کو پولی کلینک اسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک پیاز سے لدا ٹرک الٹ گیا تھا اور پیچھے سے آنے والا دوسرا سامان سے بھرا ٹرک اسے بچاتے ہوئے الٹ گیا۔
پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔