اسلام آباد: جعلی سی ٹی ڈی اہلکار گرفتار — سوشل میڈیا پر رعب جمانے والا نوسرباز پکڑا گیا

اسلام آباد ( حماد چوہدری ) تھانہ لوئی بھیر پولیس کی بروقت اور موثر کارروائی، ایس ایچ او فواد خالد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک نوسرباز کو گرفتار کر لیا جو سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ) کی جعلی وردی پہن کر سوشل میڈیا پر خود کو قانون نافذ کرنے والا افسر ظاہر کر رہا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم خود کو سرکاری ادارے کا اہلکار ظاہر کر کے نہ صرف سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کر رہا تھا بلکہ لوگوں پر رعب ڈال کر انہیں حراساں بھی کر رہا تھا۔ ملزم نے ایک جعلی گینگ بنا کر شہر میں خوف و ہراس کی فضا قائم کرنے کی کوشش کی۔

ایس ایچ او لوئی بھیر فواد خالد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کیا، جہاں اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون کی وردی کا غلط استعمال ناقابل برداشت ہے، اور اس طرح کے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ جعلی یا مشکوک افراد کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے کو دیں۔