اسلام آباد (حماد چوہدری ) ایس ایچ او تھانہ کھنہ عامر حیات کی سربراہی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران موٹرسائیکل چوری، ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث منظم گروہ کے ایک اشتہاری مفرور رکن کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ کھنہ میں متعدد مقدمات درج تھے اور وہ طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ ملزم شہریوں سے اسلحے کی نوک پر موٹرسائیکل، نقدی اور قیمتی سامان چھیننے میں ملوث رہا ہے۔
ایس ایچ او عامر حیات نے کہا کہ تھانہ کھنہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔
عوامی حلقوں نے پولیس کی بروقت کارروائی اور ملزم کی گرفتاری کو سراہا ہے۔