اسلام آباد: تھانہ کورال کی حدود میں دن دہاڑے ڈکیتی، غوری ٹاؤن فارا چوک پر میڈیکل اسٹور لوٹ لیا گیا

اسلام آباد (حماد چوہدری ) تھانہ کورال کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر بے لگام، غوری ٹاؤن فارا چوک میں واقع ایک میڈیکل اسٹور کو نامعلوم ڈکیت نے دن دہاڑے لوٹ لیا۔ واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ذرائع کے مطابق ڈکیت نے اسلحے کے زور پر اسٹور کے عملے کو دھمکایا، کیش اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہو گیا۔ واقعہ کے فوری بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرنا شروع کر دی گئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ ادھر شہریوں نے دن دہاڑے ہونے والی اس واردات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں سیکیورٹی کو مؤثر بنایا جائے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔