اسلام آباد: تھانہ سنگجانی کی حدود سے گدھے کا گوشت اور زندہ گدھے برآمد، مقدمہ درج

اسلام آباد (حماد چوہدری)—

تھانہ سنگجانی کی حدود میں اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں گدھے کا گوشت برآمد ہوا جبکہ 40 سے زائد زندہ گدھے بھی موقع سے پکڑے گئے۔

پولیس نے فوڈ اتھارٹی کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کے پاس نہ تو گوشت کی ترسیل کا کوئی قانونی اجازت نامہ تھا اور نہ ہی حلال یا حرام گوشت کے حوالے سے کوئی سرکاری ریکارڈ موجود تھا۔

مقدمے میں پولیس نے ایک غیر ملکی باشندے کو بھی نامزد کیا ہے جبکہ دیگر ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔ برآمد شدہ گدھے کے گوشت کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا اور غیر قانونی مذبحہ خانے کو سیل کر دیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی اور پولیس کی مشترکہ تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس مکروہ دھندے کے تمام ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ عوامی حلقوں نے اس غیر انسانی اور غیر قانونی عمل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔