گرفتار اہلکاروں میں ASI ارشد اور کانسٹیبل مجاہد شامل ہیں، جو دوران ڈیوٹی موبائل فون استعمال کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق شک کی بنیاد پر ان کے موبائل فون چیک کیے گئے تو انکشاف ہوا کہ یہ دونوں اہلکار امیگریشن عملے کے ساتھ ملی بھگت کر کے بیرون ملک جانے والے مسافروں سے بھاری رشوت وصول کرتے تھے۔ تحقیقات کے مطابق ملزمان ازبکستان اور فلپائن جانے والے مسافروں سے فی کس 50 ہزار روپے رشوت لیتے تھے۔
مزید بتایا گیا کہ اہلکاروں کے موبائل فونز سے لاکھوں روپے کے غیر قانونی لین دین اور ایجنٹوں کے ساتھ رابطوں کا ریکارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔ ایف آئی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ عدالت سے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کرپشن اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی اہلکار کو معاف نہیں کیا جائے گا، ادارے کے اندر احتساب کا عمل مزید سخت کیا جا رہا ہے۔