اسلام آباد میں حالیہ بارش کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو گئی ہے۔ فیض آباد اسکائی ویز اڈہ سائیڈ، ترامڑی چوک سمیت مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث گاڑیوں کی رفتار سست ہو گئی اور ٹریفک جام کی صورتحال دیکھنے میں آئی۔
پارک روڈ انڈر پاس پر جاری ترقیاتی کام کے باعث بھی ٹریفک کی روانی متاثر رہی جبکہ کلب روڈ پر درخت گرنے کے باعث آمد و رفت میں مشکلات پیش آئیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن بڑھ گئی ہے جس سے حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تیز بارش کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور اپنی لین کی پابندی کریں۔
موٹر سائیکل سواروں کو خصوصی طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ وہ انتہائی بائیں لین میں محتاط انداز میں سفر کریں جبکہ دورانِ ڈرائیونگ انڈیکیٹرز اور سائیڈ شیشوں کا استعمال یقینی بنائیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران مختلف شاہراہوں پر موجود ہیں اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر کے لیے اضافی وقت رکھیں، ٹریفک اہلکاروں سے تعاون کریں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.