اسلام آباد،گیس لیکج دھماکہ سے خاتون جاں بحق،3 زخمی

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) وفاقی دارالحکومت کے نواحی علاقے علی پور میں گیس لیکج کے باعث ایک گھر میں زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق علی پور کے علاقے میں عمر ٹریڈر کے ساتھ گلی میں واقع ایک رہائشی مکان میں بدھ کی صبح گیس بھر جانے کے باعث اچانک دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ پورا مکان آگ کی لپیٹ میں آ گیا اور مکمل طور پر خاکستر ہو گیا۔

حادثے کے وقت گھر میں ایک مرد، تین خواتین اور ایک بچی موجود تھے۔ ایک خاتون موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہو گئی، جبکہ ایک مرد، ایک عورت اور ایک بچی بری طرح زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کے بعد متاثرین کو اسپتال منتقل کیا۔

پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعے کی وجہ گیس لیکج بتائی جا رہی ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے جبکہ متاثرہ خاندان کے لواحقین شدید صدمے میں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں