راولپنڈی (حماد چوہدری)وزیراعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کی حفاظت کیلئے اہم قدم اٹھالیا جس کے تحت اب شہری سنگین واقعات کے ویڈیو شواہد سیف سٹی سے فوری شیئر کر سکیں گے۔
اب ہر شہری کا موبائل فون کیمرہ سیف سٹی کے اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹم کا حصہ ہوگا، جس کے ذریعے عوامی تحفظ، فوری مدد اور مؤثر نگرانی کو ایک نئے جدید دور میں داخل کیا جا رہا ہے۔
سیف سٹی کی پبلک سیفٹی ایپ میں نیا جدید ’’کنیکٹ ٹو پی ایس سی اے‘‘ فیچر شامل کیا گیا ہے جس سے موبائل کیمرے کو براہِ راست سیف سٹی سے منسلک کیا جا سکے گا۔
سیف سٹی آفیسر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کال پر شہری کو فوری لائیو فیڈ لنک بھیجے گا، لنک اوپن کرتے ہی موبائل کا لائیو کیمرہ سیف سٹی کنٹرول روم سے منسلک ہو جائے گا، شہری کے موبائل کیمرے کی مدد سے موقع واردات کی اصل صورتحال دیکھ کر فوری امداد فراہم کی جائے گی۔
ترجمان سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق یہ سروس صرف ایمرجنسی کی صورتحال میں استعمال کے کیلئے ہے، شہری موبائل کی لوکیشن آن رکھیں، اور غیر ضروری ویڈیوز شیئر نہ کریں۔