مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)
عوامی ایکشن کمیٹی نے پورے آزاد کشمیر میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال دے دی ہے۔ کمیٹی نے واضح اعلان کیا ہے کہ اگر کشمیر میں ایف سی فورس کو کہیں بھی تعینات کیا گیا تو اسے ریاست میں مداخلت اور بیرونی حملہ تصور کیا جائے گا۔
ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام نظر آ رہی ہے۔ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ستمبر میں پورے کشمیر کو بند کر دیا جائے گا اور اس حوالے سے جلد لائحہ عمل جاری کیا جائے گا۔
مزید کہا گیا کہ عوام کے حقوق کے لیے ہر حد تک جائیں گے اور کسی بھی فورس کی تعیناتی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ عوامی حلقوں میں اس اعلان کے بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔