چڑہوئی (نامہ نگار) آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کی تحصیل چڑہوئی کے نواحی گاؤں جبر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں شوہر نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو تشدد کے بعد قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ ثانیہ کنول دختر محمد یونس (مرحوم) کو اس کے شوہر جہانگیر نے مسلسل گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئی۔ اتوار کی صبح 9 بجے مقتولہ کے بھائی عمیر یونس کو ایک فون کال موصول ہوئی جس میں اطلاع دی گئی کہ ان کی بہن وفات پا گئی ہے۔
اہل خانہ جب راولپنڈی سے چڑہوئی پہنچے تو معلوم ہوا کہ ثانیہ کنول کو بدترین تشدد کے بعد قتل کیا گیا ہے۔ لواحقین کے مطابق مقتولہ کی میت کو راولپنڈی منتقل کرنے میں بھی رکاوٹیں ڈالیں گئیں تاہم گاؤں کے چند افراد کی مدد سے میت کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ وہاں میڈیکل رپورٹ میں تشدد کے واضح نشانات پائے گئے جو قتل کی تصدیق کرتے ہیں۔
پولیس کو اطلاع دی گئی مگر مؤقف اختیار کیا گیا کہ چونکہ واقعہ آزاد کشمیر کی حدود میں ہوا ہے لہٰذا تفتیش اور میڈیکل رپورٹ وہیں سے مکمل کی جائے گی۔
لواحقین نے سخت احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مقتولہ کے شوہر جہانگیر کو فوری گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔ مقتولہ کے بھائی عمیر یونس نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ FIR درج کر کے قاتل کو قرار واقعی سزا دی جائے۔