21

آزادکشمیر کا بجٹ خسارے سے پاک، بددیانتی کا خاتمہ کر دیا ہے: وزیراعظم چوہدری انوارالحق


مظفرآباد (نامہ نگار) 26 جون 2025 – وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں فنانس ایکٹ 2025 کی منظوری کے بعد اپنے خطاب میں کہا ہے کہ موجودہ بجٹ خسارے کے بغیر اور ٹیکس فری ہے، جس میں پسند و ناپسند کی کوئی تفریق نہیں رکھی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تمام وسائل کو منصفانہ طور پر استعمال کیا جا رہا ہے اور حکومت نے بددیانتی کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ “اللّہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ وسائل کی کمی نہیں، اگر انہیں تعصب سے ہٹ کر استعمال کیا جائے تو مسائل خودبخود ختم ہو جائیں گے۔”

نوجوانوں کے لیے امید کی کرن

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے نوجوان نسل کی امید کو زندہ کیا ہے۔ سستی بجلی اور آٹے کے باوجود حکومت نے ہیلتھ کارڈ اور تعلیمی پیکج کا اجرا کیا۔ ہیلتھ سیکٹر کے لیے پہلی بار 6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ 500 کلومیٹر بین الاضلاعی سڑکات کی تعمیر و بحالی کی جائے گی۔

افواج پاکستان کو خراج تحسین

وزیراعظم نے خطاب کے دوران پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہندوستانی جارحیت کے بعد ہمارے شاہینوں نے 72 گھنٹوں میں دشمن کو اس کی فضاؤں میں گھس کر مارا۔ ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان نے فرقہ پرستی کی یہود سازش کو ناکام بنایا۔”

تعلیم، صحت اور میرٹ حکومت کی ترجیح

وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے فوڈ ٹیسٹنگ لیبز کے قیام، واٹر سپلائی اسکیمز کے لیے 12 ارب، اور صحت کے لیے 3 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ تینوں ڈویژنز میں لڑکیوں کے لیے 32 بسیں فراہم کی گئی ہیں۔ این ٹی ایس کے ذریعے 3000 نوجوانوں کو روزگار دیا گیا ہے اور ایک پولیس کانسٹیبل نے اسسٹنٹ کمشنر کا امتحان پاس کیا، جو میرٹ پالیسی کا نتیجہ ہے۔

احتساب اور سادگی پر زور

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم آفس کا نظام صرف 3 افراد پر مشتمل ٹیم سے چل رہا ہے۔ 400 سرکاری گاڑیاں نیلام کر کے 60 کروڑ روپے بچائے گئے، جبکہ ای ٹینڈرنگ سے 3 ارب روپے کی بچت کی گئی۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ کے افسر کی گرفتاری اور ڈی ایس پی کی گرفتاری کے واقعے کو قانون کی بالا دستی کی مثال قرار دیا۔

نئے اقدامات اور پالیسیاں

وزیراعظم نے کہا کہ:

آزاد جموں و کشمیر بینک کو شیڈول بینک بنانے کے لیے 10 ارب روپے دیے گئے۔

پریس فاؤنڈیشن اور بار کونسلز کے لیے گرانٹس میں اضافہ کیا گیا۔

پولیس میں 1300 نئی آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں۔

یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

آئندہ مالی سال میں 15 ارب روپے سڑکوں کے لیے رکھے گئے ہیں۔

سخت لہجے میں بھارت کو پیغام

انہوں نے کہا کہ “اگر بھارت نے پاکستان میں دہشتگردی کی کوشش کی تو اسے گھس کر ماریں گے، اور دنیا نے یہ ہوتا دیکھا۔”

حرف آخر

وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ان کی حکومت نے وسائل کو ایمانداری سے استعمال کرتے ہوئے نظام کو درست راہ پر ڈالا ہے، اور ان کا مقصد آزاد کشمیر میں میرٹ، انصاف اور ترقی کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور پاکستان کا روشن مستقبل ہی تحریک کی کامیابی کی ضمانت ہے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں