جہلم یوٹیلیٹی سٹور پر موجود آٹے، گھی، چینی، کوکنگ آئل دالوں سمیت دیگر سبسڈائز قیمتوں والی بنیادی اشیاء خوردونوش کا بحران ختم نہ ہو سکا۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا کی عدم دستیابی کی وجہ سے کئی کلومیٹر ز کا سفر کرکے خریداری کیلئے آنے والے شہری خالی ہاتھ واپس لوٹنے اور بازاروں سے خریداری پر مجبور ہوگئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اپنی مشہوری کے لئے یوٹیلیٹی سٹورز پر ارزاں نرخوں پر اشیاء کی دستیابی کی اشتہاری مہم جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر اس کے برعکس صارفین کو ذلیل و خوار کیا جارہاہے،سٹور ز پر موجود عملہ صارفین کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اپنانا اپنا قانونی حق سمجھتا ہے۔ اشیاء کی خریداری کے لئے جانے والے صارفین کو اشیاء کی دستیابی کی بجائے طویل دورانئے تک انتظار کروایا جاتا ہے کہ جب تک نادرہ سے کوڈ موصول نہیں ہوگا، اس وقت تک اشیاء فراہم نہیں کی جائے گی، جونہی کوڈ موصول ہوتا ہے تو عملہ بتاتا ہے کہ چینی اور گھی دستیاب نہیں، اس طرح شہریوں کا وقت ضائع کرنے کے ساتھ ساتھ ذہنی کوفت میں مبتلا کیا جا رہاہے۔ شہریوں نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ صارفین کی سہولت آسان بنانے کے لئے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ بغیر کسی انتظار کے شہری حکومتی ریلیف سے فائدہ اٹھا سکیں۔
