679

ہونہار گرامر سکول توتا کیمپس میں سپورٹس فن گالا کا انعقاد

رپورٹ سعید مشتاق

ہونہار گرامر سکول سسٹم روات کے ڈائریکٹر عامر نوید کے زیر انتظام توتا کیمپس نزد جاوید پلازہ کلر روڈ مانکیالہ میں پہلے سالانہ سپورٹس فن گالا ویک کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ہو نہا ر و ں کی ذہنی وجسمانی صحت اور اخلاقی تربیت کے مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے سکول میں مختلف کھیلوں اور دلچسپ سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیاتھا یہ مقابلے اور سرگرمیاں 27 نومبر تا یکم دسمبر جاری رہیں۔ بچوں اور بچیوں کے الگ الگ مقابلے کروائے گئے۔جن میں کرکٹ، فٹبال، رسہ کشی، بیڈمنٹن، مختلف کیٹیگریز کی دوڑیں، میوزیکل چیئر، آرٹ اینڈ ڈرائنگ، ذہنی آزمائش کے مقابلے، بچوں کی دلچسپی کی متعدد سرگرمیاں اور ادبی مقابلہ جات میں قرآت، نعت خوانی، تقاریر کے لئے بزمِ ادب کے پروگرام شامل تھے۔ سکول کے تمام ہونہار طلباء وطالبات نے اس ایونٹ میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنے ٹیلنٹ اور پوشیدہ صلاحیتوں کو سامنے لائے۔ کھیلوں کے مقابلوں میں کرکٹ (بوائز) کا مقابلہ سٹارز گروپ نے جبکہ کرکٹ (گرلز) کا مقابلہ ٹیولپ گروپ نے جیتا۔ رسہ کشی (بوائز) میں پہلی پوزیشن سٹارز گروپ نے جبکہ رسہ کشی (گرلز) میں پہلی پوزیشن ٹیولپ گروپ نے حاصل کی۔ بیڈمنٹن کے مقابلے میں (گرلز) تتلیاں گروپ ونر رہا۔ فٹبال کے فائنل میچ میں (بوائز) ڈولفن گروپ نے سٹارز گروپ کوہرا کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انفرادی مقابلوں میں 100 میٹر ریس بوائز میں ہونہار طالب علم زیرک جاوید اور گرلز میں منیبہ فاطمہ اول رہے۔ ون لیگ ریس میں ہونہار طالب علم تقی نقوی اور زیرک جاوید ٹاپ پوزیشن ہولڈرز رہے۔ سپون ریس میں ہونہار طالبہ سماویہ ظریف نے دیگر تمام بچوں کو بچھاڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔آرٹ اینڈ ڈرائنگ مقابلے میں آٹھ طلباء وطالبات نے حصہ لیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہونہار طالبات عافیہ ذیشان اور سماویہ ظریف نے یہ مقابلہ جیتا۔ ادبی مقابلہ جات کے ایونٹ میں ہونہار طالبہ عافیہ ذیشان نے قرآت کا مقابلہ جیتا جبکہ نعت خوانی میں ہونہار طالب علم زین العابدین اول رہے۔ تقریری مقابلے میں ہونہار طالبہ سیرت فاطمہ نے ”استاد کا مقام“ پر خوبصورت تقریر کی اور خوب داد حاصل کرتے ہوئے فرسٹ پوزیشن حاصل کی۔ ذہنی آزمائش کے مقابلوں میں بوائز اور گرلز کے چار گروپوں سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والوں میں سماویہ ظریف، محمد رافع شاہد، مہر اشمل، اور صائم رفیق شامل تھے۔یکم دسمبر بروز جمعہ تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی پنڈی پوسٹ کے چیف ایڈیٹر چوہدری عبد الخطیب تھے۔ سکول کے ڈائریکٹر عامر نوید نے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا۔ تقریب کے آخر میں سکول کے ایڈمن سہیل سعید نے کھیلوں اور سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے بچوں اور ٹیموں کے رزلٹ اناؤنس کیے۔ مہمان خصوصی نے پوزیشن ہولڈرز کو ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔سکول ایڈمن نے بچوں کو کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی اہمیت و افادیت کے بارے میں آگاہی دی۔ سکول کے ڈائریکٹرعامر نوید نے کامیاب ٹیموں اور طلباء وطالبات کو مبارکباد دی اور سپورٹس فن گالا ویک کو کامیاب بنانے میں تمام ٹیچنگ اسٹاف کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آخر میں مہمان خصوصی نے بھی کامیاب ٹیموں اور طلباء وطالبات کو مبارکباد پیش کی اور سکول کے اس نوزائیدہ کیمپس کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کی تعریف کی۔ اور ادارے کے سٹاف اور انتظامیہ کی کاوشوں کو بہترین الفاظ میں سراہا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں