گوجرخان(احمد نواز کھوکھر) انجمن تاجراں تاجر اتحاد گروپ نے ضلعی انتظامیہ کے لاک ڈاون کے نئے نوٹیفکیشن کو یکسر مسترد کر دیا ہے جس میں جمعہ ہفتہ کی بجائے ہفتہ اتوار کو کاروبار بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے،انجمن تاجران کے صدر حاجی وقاص اکبر مرزا اور جنرل سیکرٹری سعادت نومی بٹ نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے کرونا کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاون اورحکومتی پابندیوں،ہوشربا مہنگائی،دوکانوں کے کرائے،ملازمین کی تنخواہیں، بجلی گیس کے بلوں ،ٹیکسز کی بھرمار اور نام نہاد افسران کی طرف سے بھاری جرمانوں کے باعث کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔پہلے جمعہ،ہفتہ اور اب ہفتہ اتوار کا غیر منصفانہ و غیر دانشمندانہ فیصلہ کر کے تاجروں کے معاشی قتل عام میں اضافہ کر دیا۔گزشتہ سال سے ہر حکومتی فیصلہ و ایس او پیز پر تاجروں نے ہر ممکن تعاون کیا ہے ،ہم ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس فیصلہ پر فوری نظر ثانی کی جائے اور جمعہ ہفتہ کی چھٹی کو بحال کیا جائےاور ہمیں اپنے بچوں کے رزق روزی اور معاشی قتل عام کو بچانے کے لئیے سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کیا جائے۔اگر ضلعی انتظامیہ نے من مانے فیصلے مسلط کئے تو تاجروں سے مشاورت کے بعد ضلعی انتظامیہ کے خلاف اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
152