ماہ ربیع الاوّل کی مناسبت سے 4 ستمبر 2025ء ،گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک کے قائد اعظم ہال میں ، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سیمینار اور نعتیہ مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس کے منتظم صدر شعبہ اردو اور وائس پرنسپل پروفیسر اظہر محمود تھے ۔
یہ شاندار اور باوقار تقریب دو حصوں پر مشتمل تھی ۔
اس تقریب کے پہلے حصے میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی نظامت پروفیسر عمران سعید صدر شعبہ اسلامیات نے کی ۔تلاوت کلام الہی کی سعادت پروفیسر نصر محمود کے حصے میں آئی ۔ جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ارشد خان اور طالب علم محمد سعد منعم نے مترنم انداز میں نعتیہ گل ہائے عقیدت پیش کر کے سامعین کے دلوں کو منور کیا ۔
بعد ازآں شعبہ اردو کے استاد ڈاکٹر محمد توقیر احمد نے مقصد آمد نبوت کے حوالے سے خوبصورت تفکرات پیش کیے اور شعبہ طبیعات کے استاد پروفیسر حب علی نقوی نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آفاقی شخصیت کے خصوصی مقام و مرتبہ کے حوالے منفرد معروضات پیش کیں ۔اس شاندار تقریب میں کالج کے طلبہ اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور خوب سراہا ۔
تقریب کے دوسرے حصہ میں باوقار نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا جس کی نظامت کا فریضہ شعبہ اردو کے استاد ، افسانہ نگار اور شاعر پروفیسر سید نصرت بخاری نے ادا کیا ۔اس مشاعرہ میں ضلع اٹک کے معروف نعت نگار شعرا نے شرکت کی اور تحت اللفظ اور خوش گلو انداز سے حضور انور محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں خوبصورت گلہائے عقیدت پیش کیے جنہیں حاضرین و سامعین طلبہ اور اساتذہ نے دل سے سراہا اور بھر پور تعریف و توصیف سے نوازا ۔
اس خوبصورت نعتیہ مشاعرے کی صدارت شیخ احسن الدین ایڈوکیٹ نے کی جبکہ مہمان خصوصی ڈاکٹر شوکت محمود شوکت اور مہمانان اعزاز معروف شعرا سید شاکر القادری اور محسن عباس تھے ۔دیگر اہم شعراء میں سعادت حسن آس ، اقبال زرقاش ، حسین امجد، احسان بن مجید، احمد علی ثاقب ، نزاکت حسین نازک
، پروفیسر نثار احمد ، پروفیسر شمس القمر عاکف اور ڈاکٹر جمیل حیات شامل تھے ۔
گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک میں ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے ہونے والی یہ تقریب ہر لحاظ سے منفرد اور بابرکت تھی ۔
میزبانی کے فرائض کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سید محمد عمران کے ساتھ ساتھ وائس پرنسپل پروفیسر اظہر محمود اور سٹاف سیکرٹری پروفیسر محمد عثمان صدیقی نے بخوبی سر انجام دیے ۔ان کی خوش مزاجی اور خوبصورت جملوں نے مشاعرے کے وقار کو دوبالا کر دیا۔


محفل کے اختتام پر سامعین نے متفقہ طور پر کہا کہ یہ نعتیہ مشاعرہ عشقِ رسول ﷺ کی جیتی جاگتی تصویر تھا جس نے دلوں کو نورِ ایمان سے لبریز کر دیا۔
Following







