121

گوجرخان کے مقامی صحافی منشیات کیس میں باعزت بری

گوجرخان ( نمائندہ پنڈی پوسٹ) معروف صحافی اور سماجی کارکن نصیر احمد بھٹی منشیات کے مقدمہ میں باعزت بری . ایڈیشنل اینڈ سیشن جج گوجرخان ملک سعادت حسین نے استغاثہ کی جھوٹی ایف آئی آر پر معروف صحافی اور سماجی کارکن نصیر احمد بھٹی کو ایف آئی آر 372 دفعہ 9B سی این ایس سی مورخہ 26/5/2021 تھانہ گوجرخان میں با عزت بری کر دیا اس موقع پر معروف قانون دان اور سماجی کارکن ملک راشد محمود اعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ نصیر احمد بھٹی کو مقامی پولیس نے بے گناہ مقدمہ میں شامل کر لیا تھا اور ازخود منشیات ڈال دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ صحافی نصیر احمد بھٹی کو صرف سچائی پر آواز اٹھانے کی سزا دی گئی تاکہ پولیس کے کالے کرتوت بےنقاب نہ ہوسکیں۔ نصیر احمد بھٹی کی جیت اصل میں صحافت کی جیت ہے۔ ملک راشد محمود اعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ جب تک تھانوں کے اندر منشیات اور اسلحہ اٹھایا نہیں جاتا اور پولیس کے ناجائز اختیارات پر قدغن نہیں لگائی جاتی یہ منشیات کے مقدمات معصوم افراد پر ہوتے رہیں گے نصیر احمد بھٹی کے مقدمہ منشیات میں جیت نے ثابت کر دیا کہ مافیا اور طاغوتی طاقتوں کے خلاف جواں مردی سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب اس مقدمہ میں صحافی نصیر احمد بھٹی کی ضمانت میں نے کرائی تو عدالت میں تھانہ کے خلاف لگائی گئی خبریں بھی پیش کی گئی اور ہر طرح کے ثبوت پیش کیے گئے جس کی بنیاد پر علاقہ مجسٹریٹ نے ضمانت منظور کی تھی اور آج مکمل ٹریل کے بعد ملزم نصیر احمد بھٹی کو بری کر دیا گیا انہوں نے کہا کہ پولیس کے بیانات میں شدید تضاد پایا گیا ہے کیوں کہ وہ جھوٹی بات کو سچائی میں تبدیل نہ کر سکے۔۔دیگر سیاسی و سماجی افراد نے نصیر احمد بھٹی کو منشیات مقدمہ میں بھری ہونے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں میں مبارکباد پیش کی ہے ۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں