سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی کوششوں سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے پنجاب یونیورسٹی سب کیمپس گوجرخان کے قیام کے لیے دو ارب روپے کے فنڈز مختص کردیئے۔تفصیلات کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے پنجاب یونیورسٹی سب کیمپس گوجرخان کے لیے مالی سال 2022/23 میں دو ارب روپے کے فنڈز مختص کردیئے۔یہ منصوبہ رواں سال 2022/23 میں مکمل کیا جائے گا۔گوجرخان میں پنجاب یونیورسٹی کا ذیلی کیمپس 826کنال کی زمین پر قائم کیا جائے گا۔اس زمین کا حصول بھی عرصہ دراز قبل راجہ پرویز اشرف کی کوششوں سے ممکن ہوا تھا جب وہ سوشل ایکشن بورڈ کے چیئرمین تھے۔ گوجرخان میں پنجاب یونیورسٹی کا کیمپس قائم ہونے سے قریبی علاقوں چکوال، گوجرخان،کلرسیداں ،کہوٹہ،روات ،سوہاوہ،جاتلی، دولتالہ وغیرہ کے طلباء وطالبات اعلیٰ تعلیم کی سہولتوں سے مستفید ہوسکیں گے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے مطابق گوجر خان میں یونیورسٹی کےقیام سےمقامی لوگوں کا ایک دیرینہ مطالبہ جلد پایہ تکمیل ہونے جارہا ہے۔گوجرخان آبادی کے لحاظ سے پنجاب کی سب سے بڑی تحصیل ہے۔منصوبے کی تکمیل سے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں درپیش مشکلات سے چھٹکارا حاصل ہوگا۔
