گوجرخان،تحصیل بھر کے مراکز صحت پر تالہ بندی،مریض رُل گئے

گوجرخان(نمائندہ پنڈی پوسٹ) پنجاب حکومت کی جانب سے پنشن رولز میں مجوزہ تبدیلیوں اور چھوٹے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ٹھیکہ داری نظام کے خلاف احتجاج کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے۔ مرکز مندرہ کے تمام بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے آج 21 اپریل سے مکمل ہڑتال کا آغاز کرتے ہوئے اداروں کو تالہ لگا دیا ہے۔

احتجاجی سٹاف نے گوجر خان میں دھرنا دے دیا ہے، جس سے علاقے بھر کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق ایمرجنسی سمیت تمام طبی سہولیات معطل ہو چکی ہیں۔ایک مقامی بزرگ شہری، محمد رفیق، جو اپنی بیوی کا علاج کروانے کے لیے رورل ہیلتھ سنٹر مندرہ آئے تھے، نے بتایاہم صبح سویرے یہاں پہنچے تھے، لیکن گیٹ پر تالہ لگا ہوا تھا۔ بیوی کو بخار اور درد ہے، لیکن کوئی سننے والا نہیں۔ حکومت اور سٹاف دونوں کو عوام کا خیال رکھنا چاہیے۔

ایک نرسنگ سٹاف ممبر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ہم مریضوں کے لیے ہمیشہ حاضر رہے ہیں، لیکن جب ہماری ریٹائرمنٹ، روزگار کی سیکیورٹی اور سسٹم کو ٹھیکے پر دیا جا رہا ہو، تو ہمیں بھی اپنے حق کے لیے آواز اٹھانی پڑتی ہے۔ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔

ادھر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی مذاکراتی پیش رفت تاحال سامنے نہیں آئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں