راجہ سعید‘ پنڈی پوسٹ نیوز/کلر سیداں سمیت چوکپنڈوری اور گردونواح میں ناموس رسالت کے حق میں چھ مقامات پر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پرفرانسیسی صدر کیخلاف احتجاجی ریلیاں منعقد کی گئیں۔سب سے بڑی ریلی کلر سیداں میں دیکھنے میں آئی۔ریلی مرید چوک سے شروع ہو کر کلر سیداں چوک میں پہنچ کر احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر گئی جہاں مولانا خلیل الرحمان، مولانا قاسم چلاسی،امیر جماعت اسلامی کلر سیداں جاویداقبال،راجہ ازرم سیالوی،سید زبیر احمد شاہ،اعجاز بٹ،عاطف اعجاز بٹ،شہزاد اکبر بٹ، چوہدری اخلاق حسین اورجنرل سیکرٹری بار ایسوسی ایشن کلر سیداں عامر محمود بھٹی ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ناموس رسالت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور کسی کو توہین رسالت کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔اس موقع پر شرکاء نے قرار داد کی شکل میں چھ نکات پیش کئے جنہیں بھاری اکثریت سے منظور کر لیا گیا۔نکات میں شرکاء نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ فرانس سے اپنا سفیر واپس بلوائے اور ان کے سفیر کو ملک بدر کرے۔تمام اسلامی ممالک اکٹھے ہو کر فرانس کیساتھ بائیکاٹ کریں۔گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے ملک میں جہاں جہاں بھی کوئی مظاہرہ ہو حکومت ان کو تحفظ فراہم کرے نہ کے ان پر کیس بنائے۔گزشتہ دنوں ختم نبوت پر حملہ آوور راشد نامی ملعون کو فی الفور پھانسی اور خواس ملعون دجال کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔دجال کی پشت پناہی کرنے والے کیخلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے۔احتجاج کے دوران تاجروں نے ایک گھنٹہ تک شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی کی۔احتجاجی ریلیوں میں نجی سکولوں کے طلبہ اور اساتذہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فرانسیسی صدر کیخلاف نعرے درج تھے۔
135