راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی نے کہا ہے کہ فیض آباد یا آئی جی پی روڈ پر جدید سہولیات سے مزین ایک سنٹر کیلئے جگہ کا انتخاب کیا جائے جہاں پر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی انسپکشن کی جا سکے اور فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کئے جاسکیں اور شہر میں چنگ چی رکشوں کیلئے روٹ متعین کئے جائیں کیونکہ شہر میں مختلف جگہوں پر بے ہنگم انداز میں چنگ چی رکشوں کی موجودگی ٹریفک کے مسائل پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کریں اور سخت کاروائی عمل میں لائیں۔یہ باتیں انہوں نے ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیں۔ اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے راولپنڈی راشد علی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا کہ روات میں قائم سٹیٹ آف دی آرٹ وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیٹ سنٹر شہر کیلئے ناکافی ہے اور شہری حدود سے دور ہے لہزا ایک مزید سنٹر فیض آباد یا آئی جی پی روڈ کے گنجان علاقے میں قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ یا روٹ پرمٹ کے بغیر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف پانچ ہزار روپے تک جرمانہ کے عائد کرنے کے علاوہ ایک ہفتہ سے ایک ماہ تک ان کو تھانوں میں بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر حکومت پنجاب نے دھواں چھوڑنے والی اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر روڈ پر آنے والی پبلک گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے سخت احکامات جاری کئے گے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف پرائیویٹ اڈوں کے معاہدے کی مدت میں ایک سال اضافہ کی توثیق بھی کی۔
190