کہوٹہ کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس بندش نے عوام کی مشکلات بڑھا دیں

تحصیل کہوٹہ کے علاقوں بٹالہ، گگاڑی، اسلوہا، ترنوش، مواڑہ، مٹور سمیت متعدد علاقوں میں سوئی گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ۔ گھریلو خواتین نے میل جول نیوز ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ سوئی گیس کی جانب سے رات دس بجے سے صبح سات بجے تک اور دن دو بجے سے پانچ بجے تک گیس کی بندش سے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہیں۔خواتین کا کہنا تھا کہ مرد حضرات اور اسکول جانے والے بچے صبح بغیر ناشتہ گھر سے نکلنے پر مجبور ہیں، جبکہ دوپہر کو بچے تھکے ہارے واپس آتے ہیں تو گیس نہ ہونے کی وجہ سے گرم کھانا بھی میسر نہیں ہوتا۔ موسم سرما میں گیس کی کمی نے گھریلو نظام بری طرح درہم برہم کر دیا ہے۔علاقہ مکینوں نے شکوہ کیا کہ گیس نہ ہونے کے سبب مہمانوں کو چائے تک دینے کے قابل نہیں رہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت دعوے تو بہت کرتی ہے مگر عوام کو ترقی کے ثمرات نہیں مل رہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ موسم سرما میں گیس لوڈ شیڈنگ کے شیڈول پر فوری نظر ثانی کی جائے۔