کہوٹہ میں ریونیو سٹاف کا اہم اجلاس، شفافیت اور ڈیجیٹل نظام بہتر بنانے کی ہدایات

کہوٹہ (نمائندہ خصوصی):
اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ شیریں گل کی زیر صدارت آج مورخہ 04 اپریل 2026 کو ریونیو فیلڈ سٹاف کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحصیلدار کہوٹہ، فوکل پرسن ونڈا جات، گرداورز اور حلقہ پٹواریان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے Punjab Urban Land System Enhancement (PULSE) اور ڈیجیٹل گرداوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زمینوں کے ریکارڈ کو جدید تقاضوں کے مطابق اپڈیٹ کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس موقع پر اے سی کہوٹہ نے ونڈا جائیداد کی تقسیم کے حوالے سے پٹواریان کو سختی سے شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر نے اجلاس میں شریک تمام پٹواریان کی کارکردگی کا فرداً فرداً جائزہ بھی لیا اور واضح کیا کہ جائیداد کی منصفانہ تقسیم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی تحصیل انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔