جہلم(نمائندہ پنڈی پوسٹ) جہلم شہر و گردونواح میں کم وزن روٹی و نان کی زائد نرخوں پرفروخت جاری، پرائس کنٹرول مجرٹیس نے شہریوں کو ناجائز منافع خور تندور و ہوٹل مالکان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔ شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بھرکی چاروں تحصیلوں میں تندور اور ہوٹل مالکان نے نان و روٹی کے من مرضی کے نرخ مقرر کرکے مہنگے داموں نان و روٹی کی فروخت شروع کر رکھی ہے، روٹی اور نان کے مقررہ وزن 100گرام کی بجائے 80 گرام اور روٹی کی قیمت 12 روپے، اسی طرح نان کی قیمت بھی15روپے وصول کی جارہی ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بااثر تندور و ہوٹل مالکان کے سامنے بے بس دکھائی دیتے ہیں انتظامیہ نے صارفین کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے قیمت پنجاب ایپ پر روٹی کی قیمت10 روپے جبکہ نان کی قیمت 12روپے مقرر کررکھی ہے لیکن شہر سمیت ضلع بھر میں تندور و ہوٹل مالکان من مرضی کے نرخ وصول کررہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کو متعلقہ افسران کی سرپرستی حاصل ہے جس کی وجہ سے گراں فروشوں نے اپنی الگ ریاست قائم کر رکھی ہے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے نوٹس لینے اور گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں اور ان کی سرپرستی کرنے والے افسران کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
214