کمر توڑ مہنگائی نے غریب کی چیخیں نکلوا دیں 147

کمر توڑ مہنگائی نے غریب کی چیخیں نکلوا دیں

جہلم امپورٹڈ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب طبقے پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈال رہی ہے۔امپورٹڈ حکومت نے محض چند یوم میں 84 روپے لیٹر پٹرول بڑھا کر اشیاء ضروریہ سمیت سفری سہولیات بھی چھین لی ہے۔ اس وقت بھارت میں پیٹرولم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے کی کمی کر دی گئی ہے، بھارت روس سے 40 فیصد کم قیمت پر پٹرول خرید رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار دینہ کی معروف کارروباری و سیاسی شخصیات اسجد محمود، اللہ دتہ، فرح محمود، اظہر محمودنے صحافیوں سے مشترکہ گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان روس سے سستا پٹرول خریدنے کا معاہدہ کررہے تھے مگر بیرونی سازشوں کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا خاتمہ کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز معیشت پر قابو نہیں پا سکے۔ محض چند یوم کے اندر وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے 84 روپے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب، سفید پوش طبقہ کو زندہ درگور کر دیا ہے، انہوں نے کہا بجلی، گھی، کوکنگ آئل، دالوں سمیت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں حکمرانوں نے امریکی آقاؤں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے اضافہ کیا، جب پاکستان تحریک انصاف برسرِ اقتدار تھی تو اپوزیشن آئے روز مہنگائی کے خلاف ریلیاں نکالتی تھی، جب سے اپوزیشن برسر اقتدار آئی ہے وہ مظاہرین سے کئے وعدے بھول کر آئی ایم ایف کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے آئے روز مہنگائی کا طوفان برپا کئے ہوئے ہے، انہوں نے کہا کہ یوں لگتا ہے کہ پی ڈی ایم کو عوام کی کوئی فکر نہیں بلکہ انہیں امریکا کی غلامی کی فکر ہے،امریکا جو حکم دے گااس پر ہر حال میں عملدرآمد کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ڈالر مہنگا ہونے کا طعنہ دیتی تھی آج ڈالر 210 روپے کی اونچی اڑان پر ہے اور پی ڈی ایم کی قیادت منہ چھپائے بیٹھی ہے، انہوں نے عمران خان کی کوششوں کیوجہ سے گرے لسٹ سے نکل گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان نے ملک کی بہتری کے لئے ڈھیر سارے کارنامے سرانجام دیئے، جو رفتہ رفتہ عوام کو پتا چلیں گے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں